• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

عبدالرزاق بھی عمران خان کیساتھ باﺅلنگ میں ’ڈریم پیئر‘ بنانے کے خواہاں مگر بیٹنگ میں کس کیساتھ جوڑی بنائی؟

May 8, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق آل راﺅنڈر عبدالرزاق 92 کے ورلڈکپ وننگ کپتان عمران خان کیساتھ ’ڈریم پیئر‘ بنانے کے خواہشمند ہیں جبکہ بیٹنگ میں وہ جاوید میانداد کیساتھ جوڑی بنانا اعزاز کی بات سمجھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موہالی ٹیسٹ 2005ءمیں بھارت کے خلاف 346 منٹ کریز پر کھڑے رہ کر پاکستان کو یقینی شکست سے بچانے والے آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ 46 ٹیسٹ میچوں میں 1946 رنز اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے آل راﺅنڈر عبدالرزاق نے میدان میں بیٹنگ کیلئے سابق کپتان جاوید میانداد کو اپنے ڈریم پیئر میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

سابق کرکٹر عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کا اس ڈیجیٹل مہم کے ذریعے اپنے سابقہ کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ انداز قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کرکٹ کیرئیر کے دوران بڑے نامی گرامی کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر فخر محسوس کرتا ہوں تاہم میرا خواب تھا کہ عمران خان کے ہمراہ باؤلنگ کر سکوں۔

عبدالرزاق نے کہا میں چاہتا تھا کہ گراؤنڈ کے ایک اینڈ سے میں باﺅلنگ کرواﺅں اور دوسرے اینڈ سے عمران خان باؤلنگ کررہے ہوں جبکہ جاوید میانداد کے ساتھ بیٹنگ کرنے کا خواب بھی سجاتا تھا۔ عبدالرزاق نے کہا کہ ماضی کے یہ دو عظیم کرکٹرز پاکستان کے لیجنڈز تھے جن کے ساتھ جوڑی بنانا میرے لئے اعزاز کی بات ہوگی۔

واضح رہے کہ پی سی بی نے اس سرگرمی کے ذریعے مداحوں کو مختلف ادوار میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے اپنے پسندیدہ بلے بازوں اور باؤلرز کو جوڑیوں کی شکل دینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ یہاں آل راﺅنڈر کے چناؤسے قبل سپنرز، فاسٹ باؤلرز، اوپنرز اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی جوڑیوں پر مشتمل مہم کو زبردست پذیرائی مل چکی ہے۔