• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹینس سٹار اعصام الحق بھی ”ڈریم پیئر“ مہم میں شامل ہو گئے، کس کیساتھ جوڑی بنا کر کن کیخلاف کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی؟

May 9, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) ٹینس اسٹار اعصام الحق بھی ڈریم پیئر مہم میں شامل ہوگئے ہیں جنہوں نے ٹینس سٹار راجر فیڈرر کے ساتھ جوڑی بناکر آندرے اگاسی اور رافیل نڈال کے خلاف کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی سوشل میڈیا پر جاری ڈریم پیئر مہم اب دیگر کھیلوں کے قومی کھلاڑیوں کو بھی اپنے سحر میں مبتلا کررہی ہے۔ سابق کپتان قومی ہاکی ٹیم کے بعد معروف ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی نے بھی اپنے کھیل کے ڈریم پیئرز چن لیے ہیں۔اعصام الحق نے اے ٹی پی ٹور رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کے ہمراہ کورٹ شیئر کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ راجر فیڈررکو اپنے ساتھ ڈریم پیئر میں چن کر شہرہ آفاق سابق ٹینس سٹار آندرے آگاسی اور موجودہ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر سپین کے سٹار رافیل نڈال کی جوڑی کے خلاف میدان میں اترنا چاہیں گے۔اعصام الحق نے مکس ڈبلز میں ماضی کی عظیم خاتون ٹینس سٹار مارٹینا نیوور ٹیلووا کے ہمراہ جوڑی بناکر پیٹ سمپراس اور سابق عالمی نمبر ایک جرمنی کی سٹیفی گراف کے خلاف میدان میں اترنے کی خواہش کی ہے۔

حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے 40 سالہ قومی ٹینس اسٹار اعصام الحق موجودہ اے ٹی پی ڈبلز رینکنگ میں 50ویں نمبر پر موجود ہیں۔خیال رہے کہ راجر فیڈرر ٹینس کی تاریخ میں سب سے زیادہ 20 مرتبہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیت چکے ہیں اور وہ پروفیشنل ٹینس کے موجودہ دور میں ٹور کی سطح کے 100 ٹورنامنٹس جیتنے والے دوسرے مرد کھلاڑی ہیں۔