• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وسیم اکرم کو کرکٹرز کو لیکچرز نہیں دینے چاہئیں کیونکہ اِن پر الزامات۔۔۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) توقیر ضیاءنے حیران کن بات کہہ دی

May 14, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹنینٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیاء نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نےشرجیل خان کےساتھ نرمی برتی اور سزا دیتے وقت ہلکا ہاتھ رکھا،وسیم اکرم کو پاکستانی کرکٹرز کو آن لائن لیکچرز نہیں دینے چاہئیں،اس پر الزامات تاحیات پابندی سے بھی زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ لیفٹنینٹ جنرل ریٹائرڈ توقیر ضیاء پی سی بی کی اس کمیٹی کے سربراہ تھے جس نے شرجیل خان کو ڈھائی سال کی سزا سنائی تھی۔

یو ٹیوب پرایک انٹر ویو میں جنرل(ر) توقیرضیاء نےموقف اختیارکیاکہ محمدعامراوروسیم اکرم واپس آگئے،ہم نے شرجیل کو پانچ سال سزا دی جس میں ڈھائی سال کی معطل سزا تھی۔ لیفٹنینٹ جنرل(ر) توقیر ضیاء نے مئی 2000ء میں جسٹس ملک قیوم کی سفارشات پرعملدرآمد کیا تھا پھر ورلڈ کپ 2003ء میں وسیم اکرم کو دوبارہ کپتان بنانے کی کوشش کی لیکن انہیں آئی سی سی کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی رائے میں داغدار ماضی کے حامل کھلاڑی کو کسی قومی ایوارڈ کے لئے نامزد نہیں کیا جانا چاہیے، وسیم اکرم پر انتہائی سنجیدہ نوعیت کے الزامات ہیں،انہوں نے میچ فکسنگ تحقیقات میں تعاون نہیں کیا۔