• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

تحریک انصاف کی ایم پی اے شاہین رضا چیمہ کورونا میں مبتلا،حالت تشویشناک،پی پی رکن سندھ اسمبلی بھی وبا سے متاثر

May 18, 2020

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی ایم پی اے شاہین رضا چیمہ کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں، حالت تشویشناک ہونے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال انتظامیہ نے لاہور میو ہسپتال ریفر کر دیا جہاں آئی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

شاہین رضا تحریک انصاف کی گوجرانوالہ میں واحد ایم پی اے ہیں جن کی عمر 69 سال ہے، گزشتہ روز انہیں طبیعت خراب ہونے پر ڈی ایچ کیو ہسپتال لایا گیا جہاں ٹیسٹ کرنے پر کورونا کی تصدیق ہوگئی، خاتون ایم پی اے کو طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر رکھا گیا۔

بعدازاں حکومتی ہدایت پر ہسپتال انتظامیہ کو میو ہسپتال لاہور منتقل کرنے کا حکم دیا گیا جس پر میڈیکل ٹیم کی زیر نگرانی ایمبولینس میں وینٹی لیٹر پر رکھ کر خاتون ایم پی اے کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل نے بتایا ایم پی اے شاہین رضا وینٹی لیٹر پر ہیں اور انکی حالت تشویشناک ہے۔

پیپلزپارٹی ویسٹ کے صدر ایم پی اے لیاقت آسکانی کورونا کا شکار ہو گئے۔ طبیعت میں خرابی کے باعث کورونا ٹیسٹ کرایا تھا۔ لیاقت آسکانی کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ایم پی اے لیاقت آسکانی گھر پر آئسولیٹ ہو گئے۔