کراچی(نمائندہ خصوصی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سینٹرل کنٹریکٹ کی تنزلی اور کپتان کے عہدے سے ہٹنے کے بعد خاموشی توڑ دی ہے۔انہوںنے کہا کہ اتار چڑھاو¿ کسی بھی کرکٹر کے کیرئیر کا حصہ ہوتے ہیں۔ میرے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے، بی یا سی کیٹیگری معنی نہیں رکھتی بلکہ ہر حال میں اللہ کا شکر بجا لانے والا شخص ہوں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ ان کا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز کا حصول نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہے کیونکہ کسی بھی چیز کا حصول آسان ہوتا ہے مگر اس کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے۔انہوں نے اے کیٹیگری میں اپنی جگہ ترقی پانے والے شاہین شاہ آفریدی کو باصلاحیت کرکٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر اچھے کھلاڑی ہیں اور گذشتہ سال ان کی عمدہ کارکردگی ہی سینٹرل کنٹریکٹ میں ان کی ترقی کی اصل وجہ ہے۔ امید ہے وہ بہتر کارکردگی کا تسلسل جاری رکھیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کرتے ہوئے سرفراز احمد کی ایک درجہ تنزلی کرتے ہوئے اے کیٹیگری سے بی کیٹیگری میں شامل کردیا۔