لاہور (نمائندہ خصوصی) انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی )نے پاکستان کیخلاف اس سال ہونیوالی سیریز کا مجوزہ پلان تیار کرلیا ہے جس کے مطابق پاکستان ٹیم 5 اگست سے یکم ستمبر کے درمیان مانچسٹر اور ساؤتھمپٹن میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچز کھیلے گی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وباءکے بعد آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے لگی ہیں، کرکٹ کی سرگرمیاں بھی کچھ ہفتوں میں بحال ہوجائیں گی۔ اگست میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز طے ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گرین سگنل کے بعد ای سی بی نے سیریز کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ بورڈ کی کوشش ہے کہ پلیئرز ایسے وقت انگلینڈ پہنچیں کہ انہیں قرنطینہ میں وقت گزارنے کے بعد پریکٹس کا بھی موقع مل جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری پلان کے مطابق پاکستان نے پانچ اگست سے یکم ستمبر کے دوران تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے مانچسٹر میں کرانے کی تجویز ہے، دوسرا ٹیسٹ 13 اگست اور تیسرا ٹیسٹ 21 اگست سے ساؤتھمپٹن میں کھیلنے کا پلان تیار کیا جارہا ہے جبکہ تینوں ٹی 20 میچز مانچسٹر میں 28، 30 اگست اور یکم ستمبر کو ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی بی عبوری پلان کے بعد اپنی حکومت سے کلیئرنس لے گا جس کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ ٹیم ایسے وقت انگلینڈ پہنچے جس سے پلیئرز کو قرنطینہ میں 14 روز کا وقت گزارنے کے بعد ٹریننگ کا کچھ وقت مل جائے۔پاکستان کرکٹ بورڈ انگلینڈ کی جانب سے انتظامات پر مطمئن ہے اور پلیئرز بھی دورے کے حوالے سے کافی مثبت ہیں۔