کراچی (نمائندہ خصوصی) کچھ عرصہ پہلے اپنی بیوی سائرہ یوسف کو طلاق دینے والے اداکار شہروز سبزواری نے اداکارہ صدف کنول سے شادی کرلی۔
اداکار شہروز سبزواری اور صدف کنول نے ایک پرائیویٹ تقریب میں نکاح کیا جس میں صرف قریبی افراد نے شرکت کی۔ نکاح کے بعد اداکارہ صدف کنول نے انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرکے صدف سبزواری کرلیا۔
خیال رہے کہ 29 دسمبر 2019 کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شہروز سبزواری اور ان کی اہلیہ سائرہ یوسف میں علیحدگی ہوگئی ہے۔ بعد ازاں اس کی وجہ یہ سامنے آئی کہ دونوں میں علیحدگی صدف کنول کے باعث ہوئی ہے۔
صدف کنول اور شہروز سبزواری کے تعلقات کا معاملہ میڈیا پر آنے کے بعد فریقین کی جانب سے اس کی سختی سے تردید کی گئی اور کہا گیا کہ وہ صرف ایک مہینہ پہلے ہی ایک ایوارڈ فنکشن کے دوران ملے ہیں۔ 30 دسمبر 2019 کو شہروز سبزواری نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ ان کی اپنی بیوی سے علیحدگی 6 مہینے سے زیادہ عرصے سے چل رہی ہے جبکہ ان کی صدف کنول سے ملاقات ایک مہینہ پہلے ہوئی ہے۔
صدف کنول اور شہروز سبزواری کے تعلقات کی خبروں (جن کی تردید کی جاتی رہی ہے) کے دوران ہی 29 فروری 2020 کو شہروز سبزواری اور سائرہ یوسف میں طلاق ہوگئی تھی۔