نئی دہلی (نمائندہ خصوصی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کرن مورے نے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان بننے سے لے کر وزیراعظم پاکستان بننے تک عمران خان کے ناقابل یقین سفر کی کہانی بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ ہی پاکستان کیلئے کچھ کرنا چاہتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کرن مورے نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ کرکٹ پر بات کرنا پسند کرتے تھے، ان سے 24 گھنٹے کرکٹ پر بات کرسکتے تھے، میرے نزدیک ان کا یہ سفر ایک خوبصورت اور ناقابل یقین کہانی ہے کیونکہ وہ ہمیشہ پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتے تھے۔
کرن مورے نے 1992ءکے ورلڈ کپ کے دوران اپنے اور لیجنڈ بلے باز جاوید میانداد کے مابین تکرار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔سابق بھارتی وکٹ کیپر نے کہا کہ میانداد اور میرے درمیان میدان میں تکرار ضرور ہوئی تھی لیکن آف دی فیلڈ ہم اچھے دوست تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کے دوران کھلاڑیوں میں تکرار ہوتی ہے اور یہ تمام شعبوں میں ہوتا ہے لیکن میدان سے باہر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، جاوید میانداد بھی آف دی فیلڈ بات کرنا پسند کرتے ہیں وہ ایک بہترین کرکٹر ہیں۔
کرن مورے نے کہا کہ کوئی مجھ سے میرے عالمی ریکارڈ ایک ٹیسٹ میچ میں 6 وکٹیں حاصل کرنے سے متعلق بات نہیں کرتا بلکہ ہر شخص صرف میانداد کیساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں ہی پوچھتا ہے۔