• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کورونا ٹیسٹ کے مثبت نتائج کی صورت میں پلان بی تیار، کن کھلاڑیوں کو متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

Jun 14, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) دورئہ انگلینڈ کیلئے منتخب کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ 20 اور 25 جون کو ہوں گے اور نتائج مثبت آنے کی صورت میں پلان بی بھی تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت بلال آصف، محمد نواز، موسیٰ خان اور عمران بٹ کو متبادل کھلاڑیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ کی روانگی سے قبل کسی بھی کھلاڑی کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں بیک اپ کے طور پر موجود ان کھلاڑیوں میں سے کسی کا انتخاب ہوگا، قومی کرکٹرز کو انگلینڈ پہنچ کر بھی 14 روز قرنطینہ کی لازمی شرط پوری کرنا ہو گی اور پھر سیریز ختم ہونے تک بائیو سیکیور ببل میں رہنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہاکہ دورئہ انگلینڈ کیلئے منتخب تمام کھلاڑی آگاہ ہیں کہ کسی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ سکتا ہے، ڈاکٹر سہیل اور میں خود بھی پلیئرز سے رابطے میں ہیں اورکورونا کے حوالے سے آگاہ کرتے رہتے ہیں، ہم نے کسی کا ٹیسٹ مثبت آنے پر ان کو ممکنہ صورتحال کیلئے ذہنی طور پر تیار کیا اور خدانخواستہ اگر ٹیسٹ مثبت آیا تو بیشتر تندرست بھی ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی مضبوط اعصاب کے حامل ہیں، مثبت سوچ کے ساتھ صورتحال کا مقابلہ کریں گے،یہ غیر معمولی صورتحال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گیند پر تھوک کا استعمال اور میدان میں جشن نہیں ہوگا، یہ مشکل ہے لیکن ہمیں خود کو عادی بنانا ہو گا۔ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی سیریز کورونا کے دور میں پہلی انٹرنیشنل کرکٹ ہے، اس کو غور سے دیکھیں گے تو ہمیں خود کو ذہنی طور پر تیار ہونے میں مدد ملے گی۔