لاہور(ویب ڈیسک) اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں مسلسل دوسری شکست کے بعد پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا،ٹائران فرنانڈو سٹیڈیم موراٹوا،سری لنکا میں کھیلے جانے والے میچ میں 306رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم مقررہ 46.4 اوورز میں245 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،کپتان روحیل نذیر 117 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد حارث نے 43 رنز اسکور کیے، ان کے سوا عبدالبنگزئی 15، محمد عامر 12اور نسیم شاہ 11رنز کے ساتھ ہی ڈبل فیگر میں داخل ہوسکے، اتھاروا انکولے کار نے 3 اور ودیادر پٹیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بھارتی کپتان دھرو چاند جوریل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 305 رنز بنائے، 38 کے مجموعی اسکور پر اوپنر سوید پارکر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد ارجن آزاد اورٹھاکر تلک ورما کے درمیان183رنز کی شراکت نے ٹیم کا اسکور 221تک پہنچا دیا،ارجن آزاد نے121 اور ٹھاکر تلاک ورما نے 110 رنز بنائے، آخری 8 وکٹیں محض 73 رنز کے دوران گریں،6 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہیں ہوسکے۔پاکستان نے میچ میں 24 فاضل رنز دیے، نسیم شاہ نے 52 جبکہ عباس آفریدی نے 72 رنز کے عوض 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عامر علی اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گروپ اے میں شامل پاکستان ٹیم کو افغانستان نے بھی شکست دیدی تھی، بھارت اور افغانستان نے اپنے دونوں میچز میں کامیابی کے ساتھ 4، 4پوائنٹس کرکے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی،گرین شرٹس کا پیر کو کویت سے میچ اب بے مقصد ہوگیا ہے۔