راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور زمبابوے کے مابین جاری پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو 26 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹٰیم 282 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 255 رنز بنا سکی اور اس کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے ۔ زمبابوے کی ٹیم نے میچ کیلئے پوری جان لگائی اور ایک وقت ایسا بھی آیا کہ میچ پاکستان کے ہاتھ سے جاتا ہوا محسوس ہونے لگا۔ 45 اوورز تک گیم زمبابوے کے ہاتھ میں تھی اور انہوں نے 4 وکٹون کے نقصان پر 234 رنز بنالیے تھے تاہم وہاب ریاض اور شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک وکٹیں اڑا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا اور فتح کو پاکستان کی جھولی میں ڈال دیا۔
زمبابوے کی جانب سے برینڈن ٹیلر نے 112 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ ان کے علاوہ ویسلی میدھویر نے 55 اور کریگ ایروائن نے 42 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 5 شکار کیے جبکہ وہاب ریاض نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز ہی بنا سکی۔ اوپنر امام الحق اور عابد علی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنائے تاہم اس موقع پر عابد علی کارل مومبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، وہ 30 گیندوں 5 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 89 کے مجموعی سکور پر اس وقت گری جب کپتان بابراعظم 19 رنز بنا کر موزارابانی کی گیند پر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
119 کے مجموعی سکور پر میدان میں مضحکہ خیز واقع بھی پیش آیا اور امام الحق اور حارث سہیل رن لینے کی کوشش میں ایک ہی اینڈ پر پہنچ گئے، لیکن پھر کیمرہ ری پلے میں امام الحق کو آﺅٹ قرار دیدیا گیا، انہوں نے 75 گیندوں پر 58 رنز بنائے، قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 161 کے مجموعی سکور پراٹھانا پڑا اور محمد رضوان بھی 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے۔
حارث سہیل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 71رنز بنائے اور سکندر رضا کی گیند پر برینڈن ٹیلر کے ہاتھوں کیچ ہوئے جبکہ افتخار احمد 12 ، فہیم اشرف 23، وہاب ریاض 8، عماد وسیم 34 اور شاہین شاہ آفریدی 8 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
زمبابوے کی جانب سے تمام باﺅلرز نے مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم ٹینڈائی چیسورو اور بلیسنگ موزارابانی 2,2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ کارل مومبا اور ٹینڈائی چیسورو نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔