راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ جب بھی سیریز میں کامیابی ملتی ہے تو اس سے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے ،اب ہم نیوزی لینڈ کے خلاف پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے لڑکوں کو موقع دینا پڑتا ہے تاکہ لڑکے اپنی صلاحتیں دکھا سکیں ،آج عبد اللہ شفیق نے اچھی بلے بازی کی ،دیگر لڑکوں نے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ،خاص طور پر عثمان قادر نے اچھا پرفارم کیا ۔بابر اعظم نے کہا کہ عثمان قادر کو یوں کھیلتا دیکھ کر خوشی ہوئی ،وہ بچپن سے میرے ساتھ کھیلتا آرہا ہے ،جب وہ پرفارم کرتا ہے تو کافی خوشی ہوتی ہے ۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ عثمان قادر جس طرح کی باولنگ کر رہے ہیں ،امید ہے کہ مستقبل میں بھی ایسی ہی باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں مزید میچ جتوائیں گے ۔