نیودہلی(نمائندہ خصوصی )انتہا پسندہندووں کی جانب سے سنگین نتائج کی دھمکیوں کے بعد اداکار سیف علی خان کے گھر کے باہر پولیس کو تعینات کردیا گیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سیف علی خان کی چند روزقبل ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’تانڈوو‘ کے باعث بھارت میں ہنگامہ برپا ہے ،انتہاپسندوں کی جانب سے اداکار کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ہندو تنظیموں کی جانب سے ویب سیریز پر پابندی کا مطالبہ بھی کیاجارہا ہے،ویب سیریز کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے،جبکہ اداکار کے خلاف مذہبی جذبات مجروح کرنے پر مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست بھی جمع کروادی گئی ہے۔
دھمکیوں اور مظاہروں کے پیش نظر سیف علی خان کے گھر کے باہر پولیس کی نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ ویب سیریز ’تانڈوو‘ کے ہدایتکار علی عباس ظفر ہیں جس میں سیف علی خان، ڈمپل کپاڈیا، ذیشان ایوب، سنیل گروور سمیت دیگر شامل ہیں، یہ سیریز آن لائن ریلیز کی جاچکی ہے۔