ڈربن(نمائندہ خصوصی)جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم کو 14 رنز سے شکست دیدی،پہلے ون ڈے میچ میں پاکستانی ٹیم کو 3 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستانی ٹیم 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 50 اوورز میں 239 رنز بنا سکی،پاکستان کی جانب سے عالیہ ریاض نے 81،ند ا ڈار نے 51اور امیما سہیل نے 41 رنز بنائے۔
دوسرے میچ میں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی،جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 252 رنز بنائے،جنوبی افریقہ کی جانب سے کیپ نے68اور لیزلی لی نے 47 رنز بنائے،پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ اور ناشرا سندھو نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا آخری میچ 26 جنوری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا۔