راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے اور محض 22 رنز پر تین کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو عابد علی اور عمران بٹ نے 21 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اس موقع پر عمران بٹ محض 11 رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر کوینٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پہلی وکٹ گرنے پر اظہر علی میدان میں آئے لیکن مجموعی سکور میں بغیر کسی اضافے کے وہ بھی صفر کے انفرادی سکور پر کیشو مہاراج کی گیند پر ہی ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کیشو مہاراج کے ساتھ دوسرے اینڈ سے اینرچ نورٹجے نے کاری وار شروع کئے اور عابد علی ان سے بچ نہ سکے جو 22 کے مجموعی سکور پر چھ رنز بنا کر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، بابراعظم، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، یاسر شاہ، حسن علی، نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی قیادت کوینٹن ڈی کوک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈین ایلگر، ایڈن مارکرم، ریسی وینڈرڈوسن، فاف ڈوپلیسی، ٹیمبا باووما، ویان ملڈر، جارج لینڈے، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور اینرچ نورٹجے شامل ہیں۔