لاہور (نمائندہ خصوصی) ٹی 10 لیگ میں شرکت کے باعث بروقت بائیو ببل میں نہ پہنچنے کے معاملے پر جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ سے باہر ہونے والے محمد حفیظ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی ٹی 10لیگ میں شرکت کے بعد محمد حفیظ وطن واپس پہنچ گئے تاہم وہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز کے دوران ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے کیونکہ بروقت بائیو ببل میں نہ پہنچنے کے معاملے پر ڈیڈ لاک کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آل راﺅنڈر کو ڈراپ کر دیا تھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے ٹی 20 سکواڈز میں شامل کھلاڑی لاہور کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں مقیم ہیں اور آج سے پریکٹس کا آغاز کر رہے ہیں تاہم گزشتہ سال ٹی 20 کرکٹ میں دنیا بھر کے بیٹسمینوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد حفیظ یہ سیریز گھر بیٹھ کر دیکھیں گے۔
صرف ایک دن کے فرق کی وجہ سے سینئر کرکٹر کو ڈراپ کئے جانے پر کرکٹ حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ خود محمد حفیظ نے بھی اس معاملے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے قرآن کریم کی ایک آیت ٹویٹ کی تھی جس کا ترجمعہ ہے کہ ’اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔‘