• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دوسرا ٹیسٹ، محمد رضوان نے شاندار بلے بازی کی بدولت مشکلات میں گھری پاکستانی ٹیم کو سنبھال لیا،288 رنز کی برتری

Feb 7, 2021

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کا چوتھے روز کا کھیل جاری ہے جس میں کھانے کے وقفے تک پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 8وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز بنالیے ہیں اور 288 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ قومی ٹیم کے کیپر 73 رنز بنا چکے ہیں اور وکٹ پر موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے تھے لیکن جب آج صبح کے کھیل کا آغاز ہوا تو 143 رنز پر حسن علی صرف پانچ سکور بنا کر آوٹ ہو گئے ان کے بعد آنے والے یاسر شاہ 23 سکور پر کیچ آوٹ ہو گئے ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے عمران بٹ اور عابد علی نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو پانچویں اوور میں ہی عمران بٹ بغیر کوئی سکور بنائے کاگیسو ربادا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کراچی ٹیسٹ میچ اور راولپنڈی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہونے والے عابد علی کچھ دیر وکٹ پر ٹھہرے اور53 گیندیں کھیل کر 13 رنز بنائے مگر 28 کے مجموعی سکور پر وہ بھی کیشو مہاراج کی گیند پر کوینٹن ڈی کوک کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی جلد ہمت ہار بیٹھے اور 45 کے مجموعی سکور پر محض آٹھ رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ قومی ٹیم کو چوتھا نقصان 63 کے مجموعی سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بلے باز اظہر علی 33 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کراچی ٹیسٹ میچ کے ہیرو فواد عالم بھی پروٹیز کی باولنگ کا زیادہ دیر تک سامنا نہ کر سکے اور 12 رنز بنا کر جارج لینڈے کی گیند پر ایڈن مارکرم کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ پہلی اننگز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے فہیم اشرف 29رنز بنا کر جار ج لینڈے کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

قبل ازیں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، پاکستان کے فاسٹ باولر حسن علی نے پروٹیز بیٹنگ لائن کی دھجیاں اڑا دیں اور پانچ وکٹیں حاصل کر کے جنوبی افریقی اننگز سمیٹ کر پاکستان کو برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ کے کوینٹن ڈی کوک اور ٹیمبا باووما نے 106 رنز چار کھلاڑی آوٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو 114 کے مجموعی سکور پر کوینٹن ڈی کوک 29 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

164 کے مجموعی سکور پر ویان ملڈر 33 رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے جبکہ 186 کے مجموعی سکور پر جارج لینڈے بھی حسن علی کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز بنائے۔ پروٹیز کو آٹھواں نقصان 192 کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا اور کیشو مہاراج ایک سکور بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ جنوبی افریقہ کے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی اینرچ نورٹجے تھے جو بغیر کوئی سکور بنائے حسن علی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15.4 اوورز میں 54 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی، میڈیم فاسٹ باولر فہیم اشرف اور سپنر نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔