کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ 5 کو گرفتار کرلیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق چھاپے کے دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جبکہ دہشت گردوں نے بکتر بند گاڑی پر دستی بم سے بھی حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق 5 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے، دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور خودکش جیکٹس برآمد ہوئیں، بارودی مواد کو ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے کہا ہے کہ پچھلے 2 ہفتوں سے دہشتگردوں کی شہر میں موجودگی کی اطلاع تھی، حساس اداروں کی فراہم کردہ اطلاعات پر چھاپہ مارا، بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں یہاں موجود ہیں، دہشتگردوں کی شناخت تاحال نہیں کی جاسکی ہے۔