لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم عمران خان آج لاہور کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اپنے دورہ لاہور کے دوران جیلانی پارک لاہور میں اربن فاریسٹ کے آغاز کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وزیر اعظم کو لاہور میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
ماحولیاتی تحفظ کیلئے ابتدائی طور پر 51 اربن فاریسٹ سائٹس کے ہدف کی تکمیل میں پیشرفت پر بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر اعظم صوبہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی، سبزی منڈیوں کی تعداد میں اضافے اور آٹے کی قیمت میں کمی لانے کے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کسان، پھل اور سبزی منڈیوں کی تعداد میں اضافے کے معاملے پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں گندم سے آٹے کی پیداوار میں اضافے کے معاملے پر بھی بحث کی گئی تھی۔
اجلاس میں گندم سے آٹے کی پیداوار میں اضافے کے لیے فلور ملز میں پسائی کا تناسب 80:20 کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور سرکاری سطح پر گندم کی خریداری، ترسیل و اسٹوریج کے ضمن میں انتظامی اخراجات میں کمی لانے کا فیصلہ بھی ہوا۔
وزیر خزانہ کو گندم کی ترسیل سے متعلق ایک ہفتے میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ فروٹ اور سبزی منڈیوں کے قیام میں نجی شعبے کو شامل کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے اور پنجاب میں منڈیوں کے قیام سے متعلقہ قوانین میں نظر ثانی کا فیصلہ بھی ہوا۔