• Mon. Jul 7th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بھا ری مقدار میں اسلحہ و ایمیونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

Feb 17, 2021

(عمران خان خیبر پختون خواہ سے )
کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائی کے دوران غیر قانونی اسلحہ و ایمونیشن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم گاڑی کے ذریعے اسلحہ ایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 13 عدد رائفلز، 1500 مختلف بور کے کارتوس اور 25 عدد خالی میگزینز برآمد کر لئے گئے ہیں ۔ ملزم کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایس پی سٹی عتیق شاہ کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کسی بھی وقت بھاری مقدار میں اسلحہ وایمونیشن پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی. اطلاع کو مصدقہ جانتے ہوئے ڈی ایس پی سٹی عبد الرشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین ہارون جدون کو ٹاسک حوالہ کیا گیا ۔
ایس ایچ او تھانہ شہید گلفت حسین ہارون جدون نے دیگر نفری پولیس کے ہمراہ جی ٹی روڈ نزد مولوی جی ہسپتال ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک موٹرکار نمبری 7155 کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ جن میں 13 عدد رائفلز، 1500 مختلف بور کے کارتوس اور 25 عدد خالی میگزینز برآمد کرکے ملزم زیر اکبر ولد انار گل سکنہ درہ آدم خیل کو گرفتار کرلیا. ملزم کا تعلق درہ آدم خیل سے ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔