کیپ ٹاﺅن (نمائندہ خصوصی) پاکستان کیساتھ ہوم سیریز کے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سے تصادم نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ (سی ایس اے) کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ اپنے شیڈول کے ساتھ بھارت سے تعلقات کو بھی متاثر نہیں کرنا چاہتا، جنوبی افریقہ نے پاکستان کیخلاف محدود اوورز کی سیریز اپریل میں کھیلنی ہے جبکہ اسی عرصے میں آئی پی ایل بھی شروع ہونی ہے جس کیلئے کاگیسو ربادا، کوینٹین ڈی کوک، فاف ڈوپلیسی اور اینرچ نورکیا سمیت کئی جنوبی افریقی سٹارز نے مختلف فرنچائزز سے معاہدے کررکھے ہیں۔
پروٹیز ڈائریکٹر کرکٹ گریم سمتھ کا کہنا ہے کہ ہم اپنے تمام بہترین پلیئرز کو پاکستان کیخلاف سیریز کیلئے دستیاب دیکھنا چاہتے ہیں مگر یہ معاملہ کافی پیچیدہ ہے، ہم نے آئی پی ایل کیلئے کھلاڑی ریلیز کرنے کا بھی وعدہ کررکھا ہے کیونکہ ہر سال ہمارے کھلاڑی اس کا حصہ بنتے ہیں لیکن ہمیں اس بارے میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہے، اس لئے آنے والے دنوں میں اس معاملے کا جائزہ لیا جائے گا۔