کراچی (ویب ڈیسک) اداکارہ سوہائے علی ابڑو نے ایک شو کے دوران لڑکے کا روپ دھار کر ماہرہ خان کو شادی کی پیشکش کردی، واسع چوہدری کے شو’ گھبرانا منع ہے‘ میں سوہائے علی ابڑو نے وڈیرے کا روپ دھار کر انٹری دیتے ہوئے حاضرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی اور یہی نہیں بلکہ ماہرہ خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شادی کی پیشکش بھی کر ڈالی اور کہا کہ اگر شادی کروں گا تو صرف ماہرہ سے ہی کروں گا۔
شو کو دلچسپ بنانے کے لیے سوہائے ابڑو نے کسی وڈیرے کی طرح سیاہ کرتا زیب تن کیا، سر پر پگڑی پہنی، مردانہ انداز کے ساتھ صوفے پر بیٹھ کر کہا کہ میرا نام سائیں سکھی شاہ ہے اور میں پروڈیوسر کا بیٹا ہوں، پھر انہوں نے اپنی تعریفوں کے پل باندھ دیے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ ماہرہ کی فلم سنیما میں لگی ہے تو میں بھی وہ فلم دیکھنے چلا گیا، جس سے میں کافی متاثر ہوا ہوں، سچ کہوں تو ماہرہ نے میری زندگی بدل دی۔
سوہائے ابڑو نے شو کے دوران ماہرہ خان کے ساتھ انہی کی بھارتی فلم ’’رئیس‘‘ کے گیت پر کنگ خان کے انداز کے ساتھ رقص بھی کیا اور محفل میں ایسا سماں بندھ گیا کہ ماہرہ خان اُن کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکیں۔
سوہائے ابڑو نے لڑکے کا روپ دھار کر ماہرہ کو شادی کی پیشکش کردی
