• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگیا

Feb 21, 2021

کراچی،20فروری (غلام مصطفے عزیز) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا آغاز رنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہفتہ کو نشر کی جانے والی رنگارنگ تقریب میں معروف اور نامور ستاروں نے پرفارم کیا۔ ان ستاروں میں عاطف اسلم، حمیمہ ملک، عمران خان ، نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز شامل تھیئ۔یہ پہلا موقع ہے کہ جب عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں جلوہ گر ہوئے۔عاطف اسلم نے ”عادت” اور ”وہ لمحے وہ باتیں کوئی نہ جانے” جیسے مشہور گانوں سے پی ایس ایل سیزن 6 کی افتتاحی تقریب میں گنگنائے جبکہ حمیمہ ملک اور عمران خان نے اپنے مشہور گانا ”ایمپلیفائر” اوردیگرگانے گائے۔ اسی طرح نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرزنے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا اینتھم گایا جس کے فوری بعد آتش بازی کا دلکش اور خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جو تقریباً دس منٹ تک جاری رہا جس سے فضا میں کئی اقسام کی رنگین روشنیاں نمودار ہوئی اور اسٹیڈیم میں موجود شائقین کرکٹ بہت محظوظ ہوئے۔اس موقع پر اسٹیڈیم کی تمام لائٹس بند کردی گئی تھیں جس سے منظر اور بھی زیادہ مسحورکن ہوگیا تھا۔ 20 منٹ کی افتتاحی تقریب کو پہلے سے ریکارڈ کیا گیا تھا جسے اسٹیڈیم میں بڑی اسکرینز پر نشر کیا گیا۔تقریب کا کچھ حصہ ترکی میں خصوصی طور پر بنائے گئے ایک اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیاگیا تھا۔اس ریکارڈڈ تقریب کی میزبانی نیشنل اسٹیڈیم کراچی نے کی۔ ایونٹ کے ابتدائی چار ایڈیشنز کی افتتاحی تقاریب دبئی میں منعقد ہوئی تھیں جبکہ پانچویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔قبل ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے اپنی تقریر میں اسپانسر، کمرشل پارٹرنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کا اتنا بڑا ٹورنامنٹ ان کے بغیر منعقد نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے سندھ اور پنجاب کی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دیگر اسٹیک ہولڈرز کا بھی شکریہ اداکیا۔ احسان مانی نے غیرملکی نامور کرکٹرز کی پی ایس ایل میں شرکت پر کہا کہ ان کی آمد سے ٹورنامنٹ بہترین ہوجاتا ہے۔ایچ بی ایل کے سی ای او محمد اورنگزیب نے بھی اپنی تقریر میں کہا کہ اس بہترین ٹونامنٹ کے انعقاد پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں کوئی بھی ٹیم جیتے اصل جیت پاکستان کی ہوگی۔