لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی محمد سلمان نعیم کی فیس بک سٹوری پر شرمناک تصاویر شائع کی گئی جس پر ہر کوئی تشویش میں مبتلا ہو گیا تاہم اب وضاحت سامنے آئی ہے کہ ان کا فیس بک پیج ہیک کر لیا گیاہے اور ان سے پیسے مانگے جارہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق محمد سلمان کے فیس بک سٹوری پر خواتین کو آپریشن کے ذریعے کنوارہ پن دوبارہ سے حاصل کرنے سے متعلق اشتہار شائع کیا گیا جس نے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچا دی اور انہیں پیغامات موصول ہونا شروع ہو گئے ، محمد سلمان کو محسوس ہوا کہ کچھ تو گڑبڑھ ہے اور چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ ان کے فیس بک پیج کو ہیک کر لیا گیاہے ، رکن پنجاب اسمبلی محمد سلمان نے واٹس ایپ گروپ میں اپنا موقف جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ” سلام دوستو ، میرے فیس بک پیج کو پھر سے کسی نے ہیک کر لیاہے جس کے باعث میں اپنے پیج کی رسائی کھو چکا ہوں ، جس نے بھی پیج کو ہیک کیا ہے وہ مجھے بلیک میل کرنے کی کوشش کررہاہے اور پیسوں کامطالبہ کر رہاہے ، اس لیے مہربانی کر کے اگر میرے پیج سے کوئی نازیبا پوسٹ کی جاتی ہے تو اسے نظر انداز کر دیا جائے ۔‘
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ محمد سلمان نعیم اس وقت صوبائی اسمبلی میں سب سے کم عمر نوجوان ہیں ، انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میںآزاد حیثیت سے الیکشن لڑتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو شکست دیتے ہوئے نشست جیت لی تھی ، انہوں نے جہانگیر ترین کی پیشکش پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی تھی ، بعدازاں 11 ستمبر 2018 کو انہیں پنجاب کابینہ میں شامل کرتے ہوئے ٹرانسپورٹ کے محکمے میں وزیراعلیٰ پنجاب کا خصوصی معاون تعینات کر دیا گیا ۔
یکم اکتوبر 2018 کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انہیں کم عمر ہونے کی بنیاد پر نااہل قرار دیدیا گیا لیکن 12 اکتوبر کو محمد سلمان نعیم کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے کو الیکشن ٹریبونل ہائیکورٹ نے کالعدم کر دیا ۔