• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 6،مجھے تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیب ملتی ہے۔افتخار احمد

Mar 2, 2021

کراچی،یکم مارچ (غلام مصطفے عزیز) آلرائونڈر افتخاراحمد ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کررہے ہیں۔انہوں نے ایڈیشن 2018 میں ٹائٹل جیتنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی طرف سے ڈیبیو کیا تھا، جس کے بعد وہ کراچی کنگز کا حصہ بن گئے تاہم اب وہ ایک مرتبہ پھر 2016،2018 کی2 مرتبہ کی چیمپئین اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ میں واپسی پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبا د یونائیٹڈکا دوبارہ حصہ بننا ان کی خواہش بھی تھی اور اب وہ اپنی ٹیم کو چیمپئن بنانے کے لیے بھی پر امید ہیں۔افتخار احمد نے کہا کہ انہیں تنقید سے پریشانی نہیں بلکہ مزید محنت کی ترغیت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود پر ہونے والی تنقید کو اپنی پرفارمنس سے غلط ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین کا رول گیم کو طول دینا اور اچھے انداز میں فنش کرنا ہوتا ہے۔ وہ انٹرنیشنل ، ڈومیسٹک یا فرنچائز کس بھی کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔افتخار احمد نے کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی اچھی کارکردگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔انہوں نے اپنی نظریں اب رواں سال شیڈول آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر مرکوز کرلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2021میں عمدہ کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں۔افتخار نے 2018میں اسلام یونائیٹڈ کی طرف سے ڈبیو کیا تھا ،اگلے سال انہوں نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے چھ میچوں میں 82رنز بنائے،جس میں ایک 44رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز بھی شامل تھی۔رواں ایڈیشن میں مڈل آرڈر بیٹسمین اپنے پہلے میچ میں صرف ایک رن ہی بناسکے تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے 49رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کراچی کنگز کو شکست سے دوچار کیا۔