• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان پولیس کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں

Mar 4, 2021

پشاور( عمران خان خیبر پختون )سٹی پٹرولنگ فورس کے جوان پولیس کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بطور فرسٹ ریسپانڈر، سٹی پٹرولنگ فورس کی اہمیت اور ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ پولیس جوان خود کو حقیقی معنوں میں عوام کے خادم سمجھتے ہوئے ان کو بہترین سروسز کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائیں۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور ہمدردانہ رویہ اپنا کر ہی عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے سٹی پٹرولنگ کے موبائلز اور رائیڈرز سکواڈ کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے سٹی پٹرولنگ فورس کے موبائل اور رائیڈرز سکواڈز ، ان کی کارکردگی اور ان کے زیر استعمال خصوصی آلات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔ ڈی ایس پی سٹی پٹرولنگ عثمان خان نے ان کو سٹی پٹرولنگ فورس کے قیام، کارکردگی اور دیگر اہم امور سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ ایس ایس پی اپریشنز نے سٹی پٹرولنگ فورس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پولیس جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ فرسٹ ریسپانڈرز ہونے کے ناطے ان کی ذمہ داریوں اور فرائض میں مزید اضافہ ہوا ہے جس سے خوش اسلوبی اور جوانمردی کے ساتھ ہی نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے۔ انہوں نے جوانوں سے بات چیت کے دوران انکو شہریوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اپنانے اور بوقت ضرورت فوری تعاون و مدد فراہم کرکے عوام کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ ایس ایس پی اپریشنز نے جوانوں کو حقیقی معنوں میں عوام کے خادم بن کر فرائض منصبی انجام دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے بعد میں شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر موجود سٹی پٹرولنگ فورس کے جوانوں کی استعدادکار اور فرائض کی انجام دہی وغیرہ کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔