کراچی (نمائندہ خصوصی) اداکارہ ایمن خان نے سوشل میڈیا پر جاری تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ وہ پبلک فگر ضرور ہیں لیکن پبلک پراپرٹی نہیں ہیں، وہ کسی کو اجازت نہیں دیں گی کہ ان کے بارے میں برا بھلا کہے۔
ایمن خان نے انسٹاگرام پر سٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سب اس لیے لکھ رہی ہیں کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی کچھ چیزوں کو واضح کرنا چاہتی ہیں۔ سب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ اس طرح کی شخصیت نہیں ہیں کہ کسی شخص کو نیشنل ٹی وی پر بے عزت کریں۔ دوسری بات سوشل میڈیا پورٹلز اور بلاگرز کو کسی کی بات کو صرف اس لیے توڑ مروڑ کر پیش نہیں کرنا چاہیے کہ اس سے انہیں ویوز ملیں گے، انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور آگ پر تیل نہیں چھڑکنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی تعلیم اور بولنے کے لہجے سے کسی کو مطلب نہیں ہونا چاہیے، ’ ہاں میں ایک پبلک فگر ہوں لیکن پبلک پراپرٹی نہیں ہوں کہ کوئی بھی شخص میرے بارے میں منفی یا گمراہ کن باتیں لکھ سکے، میں حاسد نہیں ہوں اور نہ ہی نفرت پھیلانے میں یقین رکھتی ہوں۔‘
خیال رہے کہ ایمن خان نے ایک ٹی وی شو کے دوران کہا تھا کہ اداکارہ ماورہ حسین بہت ہی دبلی ہیں، انہیں اپنا وزن بڑھانا چاہیے۔ یہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سے ہی ایمن خان کو کڑی تنقید کا سامنا ہے۔