اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)قومی انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی پرواز 17 سال بعد سیدوشریف پہنچ گئی ہے۔ پی آئی اے کا طیارہ 17 سال بعد صبح 10 بجے اسلام آباد سے سیدو شریف کے لیے روانہ ہوا تھا،خصوصی پرواز میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ محمود علی خان ، وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان اور وفاقی وزیر مراد سعید نے سفر کیا ۔
پاکستان ایئر لائن نے سیدو شریف ایئر پورٹ سے 26 مارچ سے فلائٹ آپریٹ کرنے کا شیڈول جاری کیا تھا۔سیاحت کے فروغ کے لیے اقدامات کے تحت برسوں سے بند پڑے سوات کے سیدو شریف ایئر پورٹ کو دوبارہ سے فعال کرنے کی تیاریاں کی گئی تھیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 2004 سے سوات میں فضائی آپریشن بند تھا۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے دوبارہ سے فعال شدہ سیدو شریف ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن 2 ہفتوں کیلئے منسوخ کردیا گیا تھا۔