• Thu. Oct 3rd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹیکنیکل گروپ نے ایم ایل ون منصوبے کے تناظر میں ریلویز کے موجودہ انفرااسٹرکچر کا جائزہ لیا

Sep 22, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)چین کے میسرز CREEC لوکوموٹوز اور رولنگ اسٹاک ڈیزائن انجینئرز کے 8 رکنی وفد نے کراچی ڈویژن کے ہفتہ بھر کے طویل دورہ کیا اور کراچی سے ٹنڈوآدم تک پھیلی ہوئی مینٹیننس اور رولنگ اسٹاک کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ دورے کے اختتام پر ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) پاکستان ریلوے کراچی سید مظہر علی شاہ کے ساتھ ہفتہ کے روز اجلاس منعقد کیا۔ گروپ نے لوکوموٹو ورکشاپ اور شیڈ کراچی، ایم وائی پی اور پورٹ قاسم، سی اینڈ ڈبلیو شاپس حیدرآباد، کوٹری میں سک لائنز (Sick Lines)، کوچنگ، کے وائی سی اور آر جی کیماڑی کا دورہ بھی کیا۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ سی پیک پر مبنی ایم ایل ون پروجیکٹ ٹریفک کی گنجائش کو موجودہ صلاحیت سے5 گنا بڑھا دے گا لہذا انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال کی صلاحیت کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ آئندہ برسوں میں پاکستان ریلویز کے لائف بلڈ کے طور پر سامنے آنے والے ایم ایل ون ریلوے کے انفراسٹرکچر، ضرورت کی بنیاد پر آٹومیشن اور جدید خطوط پر ضروریات کو پورا کرے گا تاکہ سی پیک پر مبنی پروجیکٹ اور ریلوے انفراسٹرکچر کے مابین ہم آہنگی ہو سکے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت پاکستان ریلوے کے نئے آئوٹ لک سے روزانہ مسافروں کی تعداد اور سامان کی نقل و حمل کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن نے پاکستان ریلوے کی ترجیحات میں ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے چینی وفد کا کراچی ڈویژن کے وسیع دورے پر شکریہ ادا کیا اور دو ہفتوں میں مختلف تنصیبات کے دورے کے دوران مشاہدات کے تناظر میں تجاویز کی دعوت دی۔