کراچی(نمائندہ خصوصی)بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارواداکار علی ظفر پر ہراسگی کا جھوٹا الزام عائد کرنے والی ٹویٹر صارف صوفیا نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے سرعام معافی مانگ لی ہے جس پر علی ظفر خود بھی میدان میں آگئے ہیں ۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر صوفیا نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے علی ظفر پر جھوٹا الزام لگایا تاہم میں ان سے معافی مانگتی ہوں۔ان کا اپنے اعترافی بیان میں کہنا تھا کہ مجھے ایک لڑکی کی جانب سے گمراہ کیا گیا۔اس پر جواب دیتے ہوئے علی ظفر نے کہا کہ اپنی غلطی کو تسلیم کرنے کے لیے حوصلہ چاہیے ہوتا ہے اور عوام کے سامنے معافی مانگنا بہادری کاکام ہے ،تم حوصلہ مند اور بہادر لڑکی ہو اور آپ کو ہمیشہ ایسے ہی یاد رکھا جانا چاہیے ۔
یاد رہے کہ صوفیا نامی خاتون نے گزشتہ برس میشا شفیع کے ٹویٹ کے چند گھنٹے بعد ہی علی ظفر پر امریکہ میں ایک خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔