اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)مشیر اطلاعات پنجاب فردو س عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی قادر مندو خیل کو نجی پروگرام کے دوران تھپڑ مارنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے ویڈیو پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق فردو س عاشق اعوان کا کہناتھا کہ جاوید چوہدری کے پروگرام میں پیپلزپارٹی کے ایم این اے قادر مندو خیل نے مسلسل میرے خلاف فحش زبان استعمال کی ، وقفے کے دوران مجھے اور میرے والد کو ننگی اور غلیظ گالیاں دیں ، جس طرح سے انہوں نے میرے مرحوم والد کے حوالے سے نازیبا کلمات ادا کیئے اور نہ صرف ہراساںکیا بلکہ دھمکیاں بھی دیں ، ان کی بدکلامی اور بد زبانی کی وجہ سے مجھے اپنے دفاع میں یہ انتہائی قدم اٹھانا پڑا،کیونکہ میری سیاسی ساکھ اور عزت داﺅ پر لگی ، جو ویڈیو لیک ہوئی وہ منتخب ویڈیو لیک کی گئی ، میں چاہوں گی کہ یہ ساری ویڈیو لیک کی جائے تاکہ عوام تک حقائق پہنچے کہ اس نے کس طرح مجھے اس انتہائی قدم پر مجبور کیا ، میں قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کروں گی کہ مجھے 62 اور 63 کے تحت مندو خیل کے خلاف نہ صرف خواتین کو ہراساں کرنے بلکہ ہتک عزت کے تحت کیس سے متعلق اپنی ترجیحات طے کرنی ہیں اور قانونی چارہ جوئی بھی میرا حق ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں فردو س عاشق اعوان اور قادر مندو خیل نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک تھے ، اس دوران دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور فردو س عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے رہنما کا گریبان پکڑ لیا جس پر انہوں نے مشیر اطلاعات کا ہاتھ پکڑ کر پیچھے لیکن وہ پیچھے نہیں ہٹیں اور انہوں نے تھپڑ جٹر دیا ، اس دوران پروگرام کا عملہ انہیں زبانی روکنے کی کوشش بھی کرتا رہا لیکن دونوں رہنما نہ رکے ۔