لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں تر ک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ یہی وجہ ہے کہ بیشتر پاکستانی کمپنیاں اور برانڈ اس ڈرامے کے اداکاروں اور اداکاراؤں کے ساتھ اپنی مصنوعات کی تشہیری مہمات کے معاہدے کر رہے ہیں۔ اب پاکستان کے معروف فیشن برانڈ ’جے ڈاٹ‘ (J.)نے بھی اپنے نئے پرفیوم کی لانچنگ کے لیے ترک اداکاروں ہی کا انتخاب کیا ہے۔ جے ڈاٹ کی طرف سے سوشل میڈیا پر ارطغرل غازی کے اداکاروں سینگز کوسکن اور نورتن سونمیز کی تصاویر ایک پوسٹر کی شکل میں پوسٹ کی گئی ہیں۔
جے ڈاٹ کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ لانچنگ سے قبل پرفیوم کی بکنگ کرانے والوں کو ان ترک اداکاروں کے ساتھ ملنے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ یہ موقع چند خوش قسمت لوگوں کو ہی مل سکے گا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ارطغرل غازی ڈرامے میں ہیرو ’ارطغرل‘ کا کردار ادا کرنے والے اداکار انگین آلتان کے ساتھ پاکستان میں فراڈ بھی ہو چکا ہے اور ان کے ساتھ فراڈ کرنے والا نوسرباز گرفتار بھی ہو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ لاہور کا ٹک ٹاکر تھا جس کا نام کاشف ضمیر تھا۔ اس نے انگین آلتان سے رابطہ کیا اور اسے اپنی جعلی کمپنی کا برانڈایمبیسڈر بنانے کی پیشکش کی۔ اس نے 9کروڑ کے جعلی چیک بھی ترکی بھجوا دیئے تھے۔ اس فراڈ کو حقیقت سمجھتے ہوئے انگین آلتان پاکستان چلے آئے اور یہاں آ کر انہیں پتا چلا کہ یہ سب جھوٹ اور فراڈ تھا۔ اس پر وہ واپس ترکی چلے گئے اور وہاں سے آئی جی پنجاب کو شکایت بھجوائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ریکارڈ یافتہ ہے اور اس کے خلاف لاہور اور سیالکوٹ میں فراڈ کے پہلے بھی 6مقدمات درج ہیں۔ ملزم جعلی سونے کے بھاری زیورات پہن کر فراڈ کیا کرتا تھا۔