لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوہر ٹاؤن دھماکے کے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات دینے کی ہدایات کیں ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے جناح ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملے کو الرٹ رہنے ،تمام طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے بتایا کہ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں ، ہسپتال میں تمام طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں ،قانون نافذ کرنے والی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں ،سات سے آتھ افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے ، دھماکے کی نوعیت سے متعلق جلد آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج صبح گیارہ بجے کے بعد جوہر ٹاو¿ن میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بری طرح متاثر ہوئیں جب کہ ایک رکشہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا ۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کے مطابق شبہ ہے کہ یہ بم دھماکہ ہے مگر بم ڈسپوزبل سکواڈاور دیگر فرانزک ٹیموں کی تصدیق تک کچھ نہیں کہا جا سکتا ۔
عینی شاہد خاتون کے مطابق ایک موٹرسائیکل سوار نے دھماکے کے مقام کا دو سے تین مرتبہ چکر لگایا ، پھر موٹر سائیکل کھڑی کی اور چلا گیا جس کے کچھ دیر بعد دھماکہ ہو گیا۔