• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ، کیا گفتگو ہوئی ؟تفصیلات آ گئیں

Jul 10, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلکن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سسرکاری ٹی وی کےمطابق امریکی ہم منصب سے گفتگو کرتے ہوئےشاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، امریکہ کےساتھ گہرے دو طرفہ اقتصادی تعاون ،علاقائی روابط کے فروغ اور علاقائی امن کے حوالے سے دو طرفہ تعاون پر محیط، وسیع البنیاد اور طویل المدتی تعلقات کیلئے پر عزم ہے۔

انہوں نےوزیر اعظم عمران خان کے جیو اکنامک وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارت،سرمایہ کاری اور دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہاں ہے،اطراف نے امریکی مالی تعاون سے وسط ایشیاءسے براستہ افغانستان پاکستان کے لئے توانائی اور رابطے جوڑنے کے مختلف منصوبہ جات پر بھی بات چیت کی۔

وزیر خارجہ نےعلاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے مابین مربوط اور اعلیٰ سطحی مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نکتہ نظر میں مماثلت خوش آئند ہے، پاکستان، افغانستان میں قیام امن کیلئے امریکہ کے ساتھ بااعتماد شراکت دار کے طور پر مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے ذمہ دارانہ انخلاءسے افغان امن عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مدد ملے گی، افغانستان میں دیرپا امن کا قیام افغان قیادت، علاقائی و عالمی متعلقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام متعلقین پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغان گروہوں پر جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیں۔
وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ معاونت پر، امریکی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا دونوں وزرائے خارجہ نے افغان امن عمل میں بامقصد پیش رفت کے حصول کیلئے، دو طرفہ ربط اور تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔