بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے ڈسٹرکٹ ایلیٹ فورس کے افسران سے پولیس لائنز کے کانفرنس ہال میں میٹنگ کی۔ پٹرولنگ، آپریشن اور ریڈز کے حوالے سے احکامات جاری کیئے۔ فزیکل فٹنس پر خاص توجہ دیں۔ ڈیوٹی ایمانداری سے کریں، آپکی ویلفیئر کے حوالے سے اقدامات کیے جار ہے ہیں۔ ڈی پی او
انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب انعام غنی اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی فورس کی کارکردگی بڑھانے اور ویلفیئر کے بارے میں جاری کی گئیں ہدایات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے بہاولپور کے ایلیٹ فورس کے افسران سے میٹنگ کی۔ میٹنگ میں فورس کی ویلفیئر، ڈیوٹی، فزیکل فٹنس اور آپریشن کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے۔ ڈی پی او نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایلیٹ فورس پولیس کا چہرہ ہے آپکی فزیکل فٹنس انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ تاکہ آپ اپنے فرائض کو خوش اسلوبی اور زیادہ متحرک ہو کر پرفارم کریں۔ روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشن اور ناکہ بندی کریں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے بہاولپور میں امن و امان بحال رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ملکی حالات کے پیش نظر حساس مقامات اور محرم الحرام کے حوالے سے ایسے علاقوں میں الرٹ رہ کر ڈیوٹی سر انجام دیں اور مشکوک افراد پر کڑی نطر رکھتے ہوئے موثر پٹرولنگ اور ناکہ بندی کریں۔ وی آئی پی موومنٹ کے دوران پروفیشنل طور پر فرائض سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ اپنی سیکیورٹی کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ فورس کی ویلفیئر کے پیش نظر بہتر رہائش، ہفتہ وار چھٹی اور شفٹ سسٹم کو بھی شروع کر رہے ہیں، میٹنگ کے اختتام پر ایلیٹ پولیس افسران نے اپنے متعدد مسائل بیان کیے جن کو حل کرنے کیلئے فوری طور پر احکامات جاری کیے گئے۔