بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے) کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے دو سال مکمل ہونے ، مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حثیت بدلنے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈائریکٹر بہاولپور میوزیم و بہاولپور آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی کی قیادت میں میوزیم و آرٹس کونسل کے ملازمین مقامی حکومت کے زیر اہتمام فرید گیٹ پر ہونے والی یوم استحصال کشمیر ریلی میں شریک ہوئے ۔
ملازمین نے کشمیر پر بھارتی دراندازی اور ان پر انسانیت سوز مظالم کے حوالے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے یکجہتی و ہمدردی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر میوزیم و آرٹس کونسل محمد زبیر ربانی نے کہا کہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضہ کے خاتمہ تک کشمیریوں کی حمایت ہمارا قومی و اخلاقی فریضہ ہے۔ شروع سے آج تک پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور جلد ہی کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔