بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)کمشنر بہاول پور کیپٹن محمد ظفر اقبال نے محکمہ بلڈنگ کے ٹینڈرز میں بے ضابطگی پر ٹینڈر منسوخی کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور ضابطے کے مطابق فوری طور پر ٹینڈر کا عمل دوبارہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز میں بے ضابطگی کے حامل ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر بہاول پور کی ابتدائی انکوائری کے مطابق محکمہ بلڈنگ کے ٹینڈرز کے عمل میں بے ضابطگی پائی گئی تھی۔کمشنر بہاول پور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کو قواعد و ضوابط کے مطابق طے شدہ میعاد میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ نیزترقیاتی منصوبہ جات کے ٹینڈرز میں غیر قانونی طریقہ کار سے قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو شفاف طریقہئ کار کے تحت بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔