ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کیارا ایڈوانی ان دنوں اپنی فلم شیرشاہ کی کامیابی کے علاوہ مبینہ طور پر پلاسٹک سرجری کرانے کی افواہ کے باعث بھی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہیں۔ کیارا اگرچہ اس افواہ کی سختی سے تردید کر چکی ہیں لیکن صارفین ان کی دو تصاویر کو بہت وائرل کر رہے ہیں جن کے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک تصویر ان کی پلاسٹک سرجری سے پہلے اور دوسری بعد کی ہے اور ان دونوں تصاویر میں ان کے عوارض میں واضح فرق ہوتا ہے۔ کیارا ایڈوانی کے متعلق اس افواہ سے قطع نظر کچھ ایسی معروف اداکارائیں بھی ہیں جو پلاسٹک سرجری کرانے کا اعتراف کر چکی ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ان اداکاراﺅں میں پریانکا چوپڑا، شلپا شیٹی، کارڈی بی، انوشکا شرما اور شروتی حسن ودیگر شامل ہیں۔
ان اداکاراﺅں میں سے بعض نے طبی وجوہات کی بناءپر پلاسٹک سرجری کروائی اور بعض نے اپنے عوارض کو خوبصورت بنانے کے لیے۔ پریانکا چوپڑا کے متعلق سالہا سال تک یہ افواہ گردش میں رہی کہ وہ کئی بار پلاسٹک سرجری کروا چکی ہیں۔ تاہم پریانکا اس معاملے میں خاموش رہیں۔ بالآخر انہوں نے اپنی کتاب میں اس راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے اعتراف کر لیا کہ وہ پلاسٹک سرجری کروا چکی ہیں تاہم اس کی وجہ طبی تھی۔ ان کے ناک کی ’کیویٹی‘ میں مسئلہ تھا جس کے سبب انہیں سانس لینے میں دشواری ہوتی تھی۔ چنانچہ انہیں پلاسٹک سرجری کروانی پڑی تھی۔پریانکا لکھتی ہیں کہ اس سرجری کے بعد ان کی ناک کی ساخت تھوڑی بگڑ گئی تھی جسے نارمل کرانے کے لیے انہیں کئی بار پلاسٹک سرجری کرانی پڑی۔اسی طرح کارڈی بی اعتراف کر چکی ہیں کہ انہوں نے نسوانی حسن میں اضافے کے لیے اپنی چھاتیوں اور چہرے کی پلاسٹک سرجری کروائی تھی۔
رواں سال کے آغاز میں شروتی حسن کے ایک انٹرویو نے تہلکہ مچا دیا تھا جس میں انہوں نے پلاسٹک سرجری کرانے کے فیصلے کا اعلان کیا اور لوگوں کی مخالفت کے باوجود اس فیصلے پر ڈٹ گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”یہ میرا حق ہے کہ میں جس طرح کی نظر آنا چاہوں، آﺅں۔ کوئی دوسرامیری شکل و صورت کے متعلق فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا۔“
شلپا شیٹی نے بھی ناک کی خوبصورتی کے لیے پلاسٹک سرجری کرائی تھی۔ کئی سال تک وہ اس حوالے سے سوالات کے جواب دینے سے گریز کرتی رہیں تاہم بالآخر انہوں نے اعتراف کر لیا کہ وہ ناک کی پلاسٹک سرجری کرا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ”ہاں میں ناک کی سرجری کروا چکی ہوں، مگر اس میں مسئلہ کیا ہے؟“
انوشکا شرما نے جب اپنے ہونٹوں کی پلاسٹک سرجری کرائی تو مداح ان کے بھرے بھرے ہونٹ دیکھ کر دنگ رہ گئے اور کہنے لگے کہ انہوں نے پلاسٹک سرجری کروا لی ہے مگر اداکارہ کئی سالوں تک اس سے انکار کرتی رہیں۔ بالآخر ’ووگ‘ میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے اعتراف کر لیا کہ ہاں وہ ہونٹوں کی سرجری کروا چکی ہیں تاہم میں نے یہ سرجری فلم ’بمبئی ویلوٹ‘ (Bombay Valvet)میں اپنے کردار کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کرائی تھی۔“