ڈیرہ اسماعیل خان ( اسدعباس )زیر قیادت حافظ محمد عدنان خان صدر پولیس نے چند روز قبل جوانسال لڑکی کی ملنے والی مدفن لاش کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا،ملزمان آلہ قتل سمیت گرفتار
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او صدر کرم الہی ہمراہ نفری پولیس زیر قیادت ایس ڈی پی او صدر سرکل حافظ محمد عدنان خان نے چند روز قبل صدر کی حدود گاؤں چہکان(ساہی) کے مقام پر ملنے والی ایک جوانسال لڑکی کی لاش کے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا،
مورخہ 2021-08-27 کو صدر کے علاقے چہکان گاؤں ساہی میں ایک نو عمر جوانسال لڑکی کی لاش ملی جو کہ چند روز قبل قتل کرنے کے بعد زمین میں دفن کر دی گئی تھی ،نشاندہی پر صدر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ ریسکیو کیا،جس کے بعد میڈیکل رپورٹ میں اس جوانسال لڑکی کا قتل ہونا عین ممکن قرار پایا،جس کے بعد ایس ایچ او صدر نے فوری طور پر ایف آئی آر کا اندراج کیا۔
ضلعی پولیس سربراہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی سخت ہدایت پر صدر پولیس زیر قیادت ایس ڈی پی او صدر سرکل حافظ محمد عدنان خان اپنا چیلنج جانتے ہوئے اس اندھے قتل کے سراغ لگانے کے لیے دن رات سائنسی و تکنیکی بنیادوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اور چھاپہ زنی کے ذریعے ملزمان کی تلاش میں رہے،آخر کار ایس ایچ او صدر کرم الہی ہمراہ نفری پولیس زیر قیادت ایس ڈی پی او صدر سرکل حافظ محمد عدنان خان اندھے قتل کا سراغ لگانے میں کامیاب ہو گئے اور بالآخر 02 ملزمان اعجاز ولد عبد اللہ دین قوم محسود سکنہ کوٹکی ساؤتھ وزیرستان اور زاہد اللہ ولد میر ختیم خان قوم محسود سراروغہ ساؤتھ وزیرستان کو حسب ضابطہ مذکورہ لڑکی کو قتل کرنے کے الزام میں آلہ قتل 30 بور پسٹل سمیت گرفتار کر کے پابند سلاسل کر دیا۔