بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے) پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہاکہ قدم بڑھاوُ بلاول بھٹو زرداری جنوبی پنجاب کے ذی شعور عوام اور جیالے کارکنان آپ کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے جنوبی پنجاب کے حالیہ دورہ کو زبردست سراہتے ہوئے کہاکہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری اقتدار کے حصول کے لیے نہیں بلکہ خالصتاً غریب عوام اور پسے ہوئے تمام طبقات کو اس ظالم و جابر حکومت سے نجات دلانے کے لیے نکلے ہیں کیونکہ یہ پاکستان کی تاریخ کی بدترین حکومت ہے جس کے اناڑی اور نظام حکومت چلانے کے تجربہ عاری وزیراعظم اور نااہل وزیروں مشیروں نے تین سالوں میں ہر قومی ادارے کا ستیاناس کرکے رکھ دیا ہے اور موجودہ سیاہ ترین دور حکومت میں میگا کرپشن کے نئے سے نئے ریکارڈ سمیت سب سے زیادہ عروج ملا ہے جبکہ ملکی تعمیر و ترقی، خوشحالی کو بریکیں اور مہنگائی و بے روزگاری کے جن کو ناقص گورننس کی بدولت بوتل سے باہر نکال دیا گیا ہے اسی وجہ مہنگائی و بے روزگاری کے سونامی نے عوام کا جینا حرام کر دیا ہے حتیٰ کہ مجبور و بےکس لوگ خود کشیوں پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی جمہوری حکومت کا عوامی غربت کے خاتمے کا پروگرام اور بینظیر مزدور کارڈ کا اجراء بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کے سنہری و انقلابی پروگرام ہیں جس بلاتفریق محنت کش ،ضرورت مند اور مستحقین مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان بچانے نکلے ہیں میری ذی شعور عوام سے اپیل ہے کہ وہ بلاول بھٹو زرداری کا بھر پور ساتھ دیکر حب الوطنی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کھلے دل سے عوام کو روزگار فراہم کرتی ہے اور سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پیشن بڑھانے میں فراخ دلی کا عملی ثبوت دیتی ہے جبکہ تبدیلی سرکار اور ن لیگ کے ادوار میں لوگوں سے روزگار چھین لیا جاتا ہے۔انہوں نے کہ پیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 120 فیصد اور پینشنز میں 100 فیصد تک کا اضافہ ملازمین دوستی کا بین ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے منحوس دور حکومت میں مراعات یافتہ طبقہ اور نیازی کی اے ٹی ایم مشینیں امیر سے امیر تر ہو چکیں جبکہ عام لوگ غریب سے غریب تر سرکاتی ملازمین و پینشنرز بدحال ہو چکے ہیں مگر وزیروں مشیروں نے لوٹ مار کی باریاں لگا رکھی ہیں اور ان سب کرپٹ مافیا کے تانے بانے بنی گالا سے جا ملتے ہیں اس لیے ان لٹیرے حکمرانوں سے جلد جان نہ چھڑائی گئی تو ملک کے دفاع کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے کیونکہ معیشت اور دفاع کا چولی دامن کا ساتھ ہوتا ہے