بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ “تخت بنی گالا “کی تین سالہ مجموعی کارکردگی صفر بٹا صفر ہے جبکہ ڈالر کے 172 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے ملک بدترین مہنگأئی کی نئی لپیٹ میں آ چکا ہے اوپر سے نااہل حکومت کا 1ارب ڈالر کی مزید قسط کی وصولی کے عوض أئی ایم ایف کے دباؤ پر گھی،چینی،آٹا ،دالیں اور ایل پی جی بر دی جانے والی سبسڈی کے خاتمہ کی کڑی شرط پر آمادگی غریب عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ تبدیلی سرکار کی جانب سے تین سالوں میں عوام کو ایک دھیلے کا ریلیف ملنا تو درکنار انہیں ایک لمحے کے لیے سکھ کا سانس بھی نصیب نہیں ہوا البتہ پی ٹی آئی کے اس بدترین دور حکومت میں میگا کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں اور طوفانی مہنگائی کی شرح 8.9 فیصد تک بڑھ چکی ہے اس لیے اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں 6 روپے سے لیکر 538 روپے تک کا ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بریکیں لگ چکی ہیں جبکہ مجموعی قرضے بڑھ کر 45 ہزار 470 ارب سے بھی زیادہ ہو چکے ہیں اور گردشی قرضے 1180 ارب سے بڑھ کر 2370 ارب روپے دوگنا سے بھی زیادہ ہوچکے ہیں اسی طرح افراط زر کی شرح 4.68 فیصد سے بڑھ کر 8.4 فیصد پر آ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کئی گنا مہنگی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں اسی طرح جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مریضوں کی قوت خرید سے باہر ہو چکی ہیں اور کمیشن مافیا کی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 13ویں مرتبہ اضافہ کرکے اپنی تجوریاں بھر لیں مگر غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے اور متوسط طبقہ سمیت غریب عوام،مزدور، کسان طوفانی مہنگائی و بے روزگاری کی وجہ سے تخت بنی کالا سے سخت نالاں اور کٹھ پتلی وزیراعظم سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اور ان حالات میں عوام کو پاکستان پیپلزپارٹی کی یاد بھی شدت سے ستانے لگی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری عوام کی امیدوں کا مرکز و محور اور آنکھوں کا تارہ بن چکے ہیں اور انشاءاللہ مستقبل میں وہی عوام کی طاقت سے وزیراعظم منتخب ہو کر پاکستان کو تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کریں گے۔