• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے

Oct 1, 2021

بہاول پور( نویداقبال چوہدری سے)کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخ پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں فعال انداز میں کام کریں اور فروٹ و سبزی منڈی میں پھل اور سبزیوں کی نیلامی کے عمل کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے۔

وہ اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا اور متعلقہ افسران موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق اور ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں ڈاکٹر خرم شہزاد نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ نرخ نامے نمایاں جگہ پر آویزاں کئے جائیں تاکہ صارفین کو خریداری کے وقت دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اجلاس میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ڈویژن بھر میں 25ستمبر سے 30ستمبر کے دوران 13455دکانوں، ریڑھیوں، مارکیٹس اور دیگر کاروباری مراکز میں جا کر اشیائے ضروریہ کے نرخ اور کوالٹی کا معائنہ کیا اور خلاف ورزی پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے موقع پر ہی مجموعی طور پر 1357250/-روپے جرمانہ عائد کیا، 59افراد کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر درج کرائی گئیں اور 368افراد کو گرفتار کیا گیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ اشیائے خوردونوش مقرر کئے گئے نرخ کے مطابق فروخت کی جائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے.