لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کے فنانشل ماڈل سمیت مختلف معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور فرنچائزز میں اتفاق نہیں ہو رہا تھا جس کے باعث پی ایس ایل کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا ، مگر اب تمام فرنچائزز نے پی سی بی کی پیشکش قبول کر لی ہے ۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ گزشتہ ماہ گورننگ کونسل میں فرنچائزز کو پیش کردہ پیشکش قبول کر لی ہے ۔ پی سی بی نے گزشتہ ماہ پی ایس ایل فائیو اور سیزن سکش کیلئے کوویڈ 19 ریلیف دینے،ساتویں سے 20ویں ایڈیشن تک سینٹرل پول آف ریونیو کے شیئر میں اضافہ، ڈالر کا ایک فکسڈ ریٹ مقرر کرنے کی پیشکش کی تھی جس پر فرنچائز مالکان سے مشاورت جاری تھی ۔
پی سی بی کے مطابق اب یہ صورتحال ختم ہو گئی ہے اور اب فرنچائزز ، پاکستان کرکٹ بورڈ ایک دوسرے کی معاونت کے ساتھ چلتے رہیں گے ۔
پی سی بی کے نئے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ ان معاملات کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کی ساکھ متاثر ہو رہی تھی ، خوشی ہے کہ مسائل حل ہو گئے ، فرنچائز مالکان کے ساتھ ہمارے تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
ادھر فرنچائز مالکان نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے ، 2016 کے پہلے ایڈیشن سے شروع ہونے والے سفر سے اس مقام تک آنے کیلئے سب نے بہت محنت کی ہے ، پی سی بی کی پیشکش قبول کرنا تصدیق کرتا ہے کہ ہم پی ایس ایل کو بڑی اور بہترین لیگ بنانے کیلئے پر عزم ہیں ، ایسا ایونٹ بنائیں گے جس میں دنیا کے بہترین کھلاڑی حصہ لیں گے ۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز نے پی سی بی کی پیشکش قبول کرلی
