• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کیا شاہ رخ خان نے سلمان خان کے کہنے پر آریان کا وکیل تبدیل کیا؟

Oct 14, 2021

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی میڈیا میں کہا جارہا ہے کہ بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان نے اپنے دوست اور ساتھی اداکار سلمان خان کے کہنے پر آریان خان کا وکیل تبدیل کردیا۔
بھارت کے مقامی میڈیا کے مطابق منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا کیس اب سینئر وکیل امیت دیسائی لڑیں گے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق امیت دیسائی وہی وکیل ہیں جنہوں نے 2002 کے ہٹ اینڈ رن کیس میں سلمان خان کی نمائندگی کی تھی اور اداکار کو بری کروایا تھا۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وکیل امیت دیسائی نے 2015 میں سلمان خان کی ضمانت کی سماعت کے دوران ان کی نمائندگی کی تھی اور اس کیس میں سلمان خان کو 5 سال کے لیے جیل بھیجنے کے عدالتی حکم کو چیلنج کیا تھا۔ بعد ازاں سلمان خان کو 30 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت مل گئی تھی۔
آریان خان کے وکیل کی تبدیلی کی خبریں اس وقت منظر عام پر آئیں جب سلمان خان نے ممبئی میں شاہ رخ خان کے گھر کا دورہ کیا۔ جیسے ہی شاہ رخ خان کی جانب سے آریان کا وکیل تبدیل کرنے کی خبریں گردش کرنے لگیں مداحوں نے قیاس آرائیاں کرنی شروع کردیں کہ کنگ خان نے یہ فیصلہ سلمان خان کے مشورے پر کیا ہے۔
واضح رہے کہ ابھی تک عدالت میں وکیل ستیش مان شیندے آریان کا دفاع کررہے تھے۔ آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر آج سماعت ہوگی۔ اس سے قبل ایک بار پہلے عدالت سے آریان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جاچکی ہے۔