بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے)مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت کیخلاف محکمہ لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب کی طرف سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت سیکرٹری لائیوسٹاک ساؤتھ پنجاب آفتاب احمد پیرزادہ نے کی جو کہ کرافٹ بازار سے شروع ہو کر چڑیا گھر تک جاکراختتام پذیرہوئی۔ ریلی کا مقصد کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہونے والی نا انصافی ظلم و جبر انسانی حقوق کی خلاف ورزی، انسانی جانوں کی بے توقیری اور خواتین کی بے حرمتی کیخلاف اور معصوم بچوں کے قتل و غارت کے خلاف احتجاج تھا۔ اس موقع پرسیکرٹری لائیوسٹک آفتاب احمد پیرزادہ نے کہا ہم بحیثیت پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم پر یکسو ہو کر یوم سیاہ منا رہے ہیں اور آئندہ بھی مناتے رہیں گے جب تک انصاف کے علم بردار اقوام متحدہ سے انصاف مہیا نہیں ہو جاتا اور کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر بیدار نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان ہر آزمائش کی گھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ ریلی میں ڈائریکٹر لائیوسٹاک بہاولپور ڈویڑن ڈاکٹر عامر محمو د بخاری،ڈائریکٹر لائیوسٹاک چولستان ڈاکٹر سہیل خان شیروانی، ایڈیشنل ڈائیریکٹر لائیوسٹاک ضلع بہاولپور ڈاکٹر محمد سبطین شاہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر اللہ بچایا، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک چولستان ڈاکٹر محمد عدیل، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک تحصیل بہاولپور ڈاکٹر سہیل عظمت کے ساتھ تمام سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔