• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

وادی کشمیر میں بھارتی فوجی تسلط کے خلاف آج 27اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

Oct 27, 2021

بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )ممبر صوبائی اسمبلی صاحبزادہ محمد گزین عباسی نے کہا ہے کہ وادی کشمیر میں بھارتی فوجی تسلط کے خلاف آج 27اکتوبر کو یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ ہندوستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے ہوئے ہیں۔ کشمیر ی بھائی بہت بہادر اور دلیز ہیں۔ وہ آزادی کے حصول کے لئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور آزادی کے حصول کی جدوجہد جاری ہے۔ وہ آج چوک منیر شہید پر کشمیر ریلی کے اختتام پر شرکائے ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر ظہور احمد اعوان، ڈی ایس پی احمد پور شرقیہ، سید صلاح الدین جیلانی، صدر پاکستان تحریک انصاف احمد پور شرقیہ حافظ مظفر کریم، انجمن تاجران کے ممبران، سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی رہنما، میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان، بڑی تعداد میں طلبہ موجود تھے۔ ایم پی اے صاحبزادہ محمد گزین عباسی نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے خطاب کرتے ہوئے شرکائے کشمیر ریلی کے جوش و جذبہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا رہا ہے اور آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر کو ہندوستانی فوج نے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کیا اور کشمیریوں پر ظلم و ستم کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹی20-ورلڈ کپ کے میچ میں بھارتی ٹیم کو شکست دے کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ شاندار انداز میں ملک و قوم کی خدمت کر سکیں۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سید صلاح الدین جیلانی نے شاندار انداز میں انجام دیئے۔ تقریب سے قبل مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کی ترقی و خوشحالی، سلامتی اور کشمیر کی آزادی کے لئے دعا کی گئی۔