بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب سکول اولمپکس 2021ء مقابلہ جات ڈیرہ غازیخاں میں 8نومبر سے شروع ہوں گے جو کہ 12نومبر تک جاری رہیں گے۔ اس سلسلہ میں گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول بہاول پور میں منعقدہ تقریب میں اولمپئن و فلائنگ ہارس سمیع اللہ خاں نے سکول اولمپکس مشعل کو روشن کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، سی ای او ایجوکیشن بہاول پور ظہور احمد چوہان، سی ای او ایجوکیشن بہاول نگر شاہدہ حفیظ، ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن جاوید، اساتذہ، طلباء وطالبات، مختلف محکموں کے افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان موجود تھے۔ اولمپئن و فلائنگ ہارس سمیع اللہ خاں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی جانب سے سکول اولمپکس مقابلہ جات کا انعقاد شاندار اقدام ہے۔ نوجوان طلباء وطالبات پڑھائی کے ساتھ ساتھ سپورٹس سرگرمیوں میں بڑھ چرھ کر حصہ لیں۔ انشاء اللہ نوجوان کھیل کے میدان میں نمایاں کارنامے سرانجام دیں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکول اولمپکس میں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کونکھارنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھیل کے میدان آباد کریں اور نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں۔ڈپٹی کمشنر نے سپورٹس کے فروغ کے لئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے کردار کو سراہا۔سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم پنجاب اور سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کی سرپرستی میں جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنوں میں سکول اولمپکس منعقد کی جا رہی ہیں جن میں جنوبی پنجاب کے 11اضلاع سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کھلاڑی درجنوں طلائی، نقرئی اور کانسی کے تمغوں کے حصول کے لئے مقابلہ جات میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سکول اولمپکس کے انعقاد کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی روایات کا احیا ء کرنا، بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کے لئے نرسریاں تیار کرنا، نوجوانوں میں ڈسپلن، سپورٹس مین سپرٹ اور صحت مند عادات کو فروغ دینا تاکہ وہ کمپیوٹر، ویڈیو گیمز، موبائل کے بے جا استعمال سے دور رہیں۔انہوں نے بتایا کہ سکول اولمپکس مشعل بہاول پور سے روشن کی گئی ہے جو دیگر کھلاڑیوں سے ہوتی ہوئی ضلع بہاول نگر کے کھلاڑیوں کو منتقل ہو گی۔ اسی طرح یہ مشعل ایک ضلع کے کھلاڑیوں سے دوسرے ضلع کے کھلاڑیوں تک منتقل ہوتی ہوئی 8نومبر کو ڈیرہ غازیخاں میں منعقد ہونے والی سکول اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں پہنچے گی۔انہوں نے بتایا کہ طلباء وطالبات کے مابین سکول اولمپکس کے تحت ہاکی، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اوربیڈمنٹن کے الگ الگ مقابلہ جات ڈیرہ غازیخاں میں منعقد کئے جائیں گے جبکہ لڑکوں کے ہاکی اور فٹ بال کے مقابلہ جات بہاو ل پور اور ملتان میں منعقد ہوں گے۔