بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں کرونا ویکسی نیشن خصوصی مہم ہر دہلیز تک (RED)کے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال اور محکمہ ہیلتھ کے افسران موجود تھے۔ سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا کہ خصوصی مہم کرونا ویکسی نیشن ہر دہلیز تک کے دوران 12سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کو کرونا ویکسی نیشن کی جائے۔ اس سلسلہ میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران فیلڈ میں متحرک انداز میں کام کریں اور کرونا ویکسی نیشن کے فیلڈ سٹاف کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا ویکسی نیشن کی اہمیت و افادیت بارے لوگوں کا شعور اجاگر کیا جائے اور اس مہم میں علما ء کرام اور معززین علاقہ کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے ضلع میں کرونا ویکسی نیشن خصوصی مہم آپ کی دہلیز پر کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے ضلع بھر میں جاری خصوصی مہم کرونا ویکسی نیشن آپ کی دہلیز تک (RED)کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ صحت کے افسران اور سٹاف فیلڈ میں فعال ہے۔ اس دوران گھر گھر جا کر کرونا ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ نیز سرکاری و نجی سکولوں میں طلبہ و طالبات کی کرونا ویکسی نیشن کی جارہی ہے تاکہ کرونا سے محفوظ رہا جا سکے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال نے بتایا کہ ضلع بھر میں 9 لاکھ45ہزارافراد کی کرونا ویکسی نیشن کا ہدف ہے جن میں سے3لاکھ 32ہزار سے زائد افراد کی کرونا ویکسی نیشن کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ سکولوں میں 12سال اور اس سے زائد عمر کے طلبہ وطالبات کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے46ہزار طلبا و طالبات میں اب تک 41 ہزار طلباء کو کرونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرونا ویکسی نیشن کی خصوصی مہم آپ کی دہلیز تک کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ضلع بھرمیں 216 موبائل ٹیمیں 136فکسڈ ٹیمیں اور78 ٹرانزٹ ٹیمیں فیلڈ میں فعال ہیں۔