دبئی۔9نومبر (غلام مصطفے عزیز)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے پہلے سیمی فائنل میں (آج) بدھ کو انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈاور (کل) جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گی۔ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میںبدھ 10 تومبر کوپہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا جبکہ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں جمعرات 11 نومبر کو کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور آسٹریلیا مدمقابل ہوں گے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے اپنے گروپ پانچ میچوں میں سے چار میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اسے ایک میچ میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں جبکہ بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کو آٹھ 8 وکٹوں سے ہرایا، اسی طرح اس نے سری لنکا کو 26 رنز کی شکست سے دوچار کیا تاہم اسے سائوتھ افریقہ کے خلاف 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے انڈیا اور افغانستان کے خلاف آٹھ 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کے خلاف 16 اور 52 رنز سے فتوحات کو سمیٹا تاہم پاکستان کے خلاف اسے 5 وکٹوں سے حزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔۔ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں ناقابل شکست پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوانٹس حاصل کئے اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے گروپ میں ایک شکست کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کوئی ٹاس نہیں ہارا اور گروپ کے تمام پانچ میچوں میں ٹاس جیت کر انڈیا، نیوزی لینڈ، افغانستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچوں میں پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان نے انڈیا کو 10جبکہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کو پانچ 5 وکٹوں سے شکست دی، اسی طرح نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کو بالترتیب 46 اور 72 رنز سے ہرایا۔آسٹریلیا نے سائوتھ افریقہ اور سری لنکا کو بالترتیب5 اور 7 وکٹوںسے شکست دی جبکہ بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز کو آٹھ 8 وکٹوں سے ہرایا تاہم اسے انگلینڈ سے 8 وکٹوں سے شکست کی حزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستان کے بابراعظم نے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہوا ہے۔ تادم تحریر انہوںنے پانچ میچوں میں پانچ اننگز کھیلیں اور ایک مرتبہ ناٹ آئوٹ رہے،انہوں نے 5 چھکوں اور 23 چوکوں کی مدد سے128.15 اسٹرائک ریٹ کے ساتھ مجموعی طور پر 264 رنز بنائے جس میں ان کی پانچ نصف سینچریاں بھی شامل ہیں،ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 70 رنز رہا۔اسی طرح سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا چھٹا نمبر ہے، انہوں نے پانچ میچوں میں پانچ اننگز کھیلی ہیں اوروہ دو مرتبہ ناٹ آئوٹ بھی رہے ہیں، انہوں نے 79 رنز ناٹ آئوٹ کی بڑی اننگز کے ساتھ مجموعی طور پر 214 رنز اسکور کئے ہیں جس میں 8 چھکے اور 20 چوکے شامل ہیں۔سب سے زیادہ اوسط کی فہرست میں شعیب ملک کا نام دوسرے نمبر پر ہے، وہ اپنے پانچوں میچ کی تین اننگز میں دومرتبہ ناٹ آئوٹ رہے، انہوں نے 54 رنز ناٹ آئوٹ کے ساتھ کل 99 رنز بنائے جس میں 8 چھکے اور 4 چوکے بھی شامل ہیں۔ایک اننگ میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرنے والوں کی فہرست میں حارث رئوف کا نام بھی شامل ہے، انہوں نے اپنے ایک میچ میں 22 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں۔ اسی طرح شاہین شاہ آفریدی نے ابتک مجموعی طور پر 6 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ واضح رہے کہ مجموعی طور پر 45 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ دو رائونڈز پر مشتمل ہے۔ رائونڈ و ن کے کولیفائرز میں آٹھ ٹیموں بشمول بنگلہ دیش، سری لنکا، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، اسکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان بارہ میچ کھیلے گئے، جس میں ٹاپ چار ٹیمیں سپر 12 کے مرحلے میں پہنچی تھیں۔ اسی طرح رائونڈ ٹو کے سپر 12 کے مرحلے میں ٹیموں کو دوگروپس میں تقسیم کیاگیا، جس میں گروپ اے میں انگلینڈ، آسٹریلیا، سائوتھ افریقہ،سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کو شامل کیا گیا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، نیوزی لینڈ، انڈیا، افغانستان، نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ شامل تھیں۔ سپر 12 کے مرحلے میں مجموعی طور پر 30 میچ کھیلے گئے۔ ورلڈ کپ میں ابھی دو سیمی فائنلز اور ایک فائنل کھیلا جانا باقی ہے۔ سیمی فائنلز میں جیتنے والی ٹیموں کے درمیان اتوار 14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔