ڈھاکہ (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں خوشدل شاہ، فخر زمان اور محمد نواز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاہے ہمیں فیلڈنگ اور لوئر مڈل آرڈر میں بہتری کی ضرورت تھی ، گزشتہ چند ماہ میں ہماری فیلڈنگ بہت بہتر ہوئی ہے ، لوئر مڈل آرڈر میں بھی میچ فنش کرنے کی عادت آ رہی ہے مگر ہم اپنی محنت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس سیریز میں توقعات کے مطابق بیٹنگ نہیں کر سکا، خوشدل شاہ ، فخر زمان اور محمد نواز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، کوشش کریں گے کہ ٹیسٹ میں بہترکارکردگی کا تسلسل برقرار رکھ سکیں ۔
قومی ٹیم نے ٹی ٹوینٹی سیریز میں بنگلہ دیش کو وائٹ واش کر دیاہے جس کے بعد ٹی ٹوینٹی ٹیم کے کھلاڑی آج ڈھاکہ سے براستہ دبئی واپس روانہ ہو جائیں گے ، جن میں سے سپنر عماد وسیم اور عثمان قادر کچھ روز دبئی میں ہی قیام کریں گے جبکہ شعیب ملک پہلے ہی بیٹے کی طبیعت کی خرابی کے باعث دبئی آ چکے ہیں ۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 نومبر کو چٹاگانگ میں کھیلا جائے گاجس کیلئے ٹیم آج روانہ ہو گی ، دوسرا اور آخری ٹیسٹ چار دسمبر کو کھیلا جائے گا ۔
بنگلہ دیش کو ٹی ٹوینٹی سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد بابراعظم کا اہم بیان سامنے آ گیا
